شرجیل میمن

عمران خان جنگ اور جہاد کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے،صوبائی وزیراطلاعات

کراچی(گلف آن لائن)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان جنگ اور جہاد کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے، شہباز گل نے جو کچھ ٹی وی پر بیٹھ کر کہا ہے عمران خان کے کہنے پر کہا۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ ان کی جنگ و جہاد اقتدار کی ہوس پوری کرنے کے لئے ہے،ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے عمران خان اور ان کے حواریوں کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواری ملک کے اہم اداروں کے خلاف دن رات گھنائونی سازشوں میں مصروف ہیں ۔

دراصل عمران خان فارن فنڈنگ کیس سے بچنے اور اس سے دھیان ہٹانے کے لیے بے ہودہ اور ناقابل برداشت حرکتیں کر رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ملک کا ہر ادارہ اور اس کا سربراہ ان کا غلام بن کر رہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ شہباز گل نے جو کچھ ٹی وی پر بیٹھ کر کہا ہے عمران خان کے کہنے پر کہا ہے، شہباز گل عمران خان کی مرضی کے بغیر اس طرح کی گھنائونی سازش نہیں کر سکتا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام ملک کی جمہوریت اور اپنے تمام اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، عمران خان جمہوریت اور اداروں کے خلاف سازشیں بند کر دیں ورنہ عوام عمران خان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں