لاہور(گلف آن لائن) انسداددہشتگردی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔انسداد دہشتگردی عدالت میں موٹروے زیادتی کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو 20 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے کہا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے جس پر اس کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے.
عدالت ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کا حکم صادر کرے ۔اس موقع پر ملزم عابد نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ پولیس بیوی بچوں سے نہیں ملنے دے رہی، اس پر عدالت نے کہا کہ پہلے یہ معاملہ دیکھ لیں پھر ملاقات بھی ہوجائے گی۔بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 15 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔