اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گلگت بلتستان میں دھاندلی پر احتجاج کرتے ہوے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے انتخابات میں ایک ہزار سے زیادہ جعلی پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری ہونا دھاندلی کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا اگر گلگت بلتستان میں ۵۱ نومبر کو ووٹ چوری ہوا تو ا س کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ دیامر 2 سے ووٹ چوری کا ایک اور نتیجہ آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تعداد 700 ہے، لیکن 1791 پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری کر دیے گئے، یہ ہوتی ہے دھاندلی، یہ ہوتی ہے ووٹ چوری۔ انہوں نے کہا پانچوں امیدوارں کا مشترکہ طور پر الیکشن کمیشن جانا ثبوت ہے کہ کس طرح دھاندلی کی اندھیر نگری مچائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا جعلی حکومت کی جعلی پوسٹل کے ذریعے ووٹ چوری پکڑی گئی۔ انہوں نے کہا ان جعلی پوسٹل بیلٹس کی بنیاد پر کامیابی کے سروے جاری ہورہے تھے۔
انہوں نے کہا سرکاری ملازمین سے ان کے حقوق چھیننے والی حکومت اب ان کا ووٹ بھی چھین رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی نہ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکمران قومی مفادات کو اپنی گندی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائیں ۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان الیکشن کمیشن فوری دھاندلی رکوائے، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے.