شیخ رشید

جلسوں سے وزیر اعظم کہیں نہیں جارہے البتہ کرونا پھیلنے کا خدشہ ضرور ہے ، شیخ رشید

اپوزیشن قوم کو بند گلی کی طرف لے جا رہی ہے، ن لیگ کا بیانیہ عمران کی خدمت ، بالآخر اپوزیشن حکومت سے ہی مذاکرات کی طرف آئےگی، جب سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے بات چیت نہیں کرتے تو سیاست کا جنازہ نکلتا ہے، امید ہے اس ملک میں سیاست کا جنازہ نہیں نکلے گا

اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ جلسوں سے وزیر اعظم عمران خان نہیں جارہے ہیں مگر کرونا پھیلنے کا خدشہ ضرور ہے ،اپوزیشن قوم کو بند گلی کی طرف لے جا رہی ہے، ن لیگ کا بیانیہ عمران خان کی خدمت ہے، بالآخر اپوزیشن حکومت سے ہی مذاکرات کی طرف آئے گی، وزیراعظم عمران خان مذاکرات کے لیے تیار ہیں،گلگت بلتستان میں الیکشن آزاد امید واروں نے جیتا ہے، ووٹ بینک کے حساب سے بھی آزاد امیدوار ہی جیتے ہیں۔ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کے حوالے سے کہا کہ یہ لوگ قوم کو بند گلی میں لے کر جارہے ہیں.

نواز شریف اور مریم نواز نے بیان دے کر عمران خان کی خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو مرضی آپ کر لیں، بالآخر قوم سمجھتی ہے ان جلسوں سے کچھ نہیں نکلتا، امید ہے کہ حکومت سمیت ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع ہو گا۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ اس ڈائیلاگ کی کیا حیثیت ہوگی جس میں حکومت نہیں ہو گی، خدا اپوزیشن کو عقل و شعور دے کہ وہ تیزی سے مذاکرات کی طرف آئیں۔ مذاکرات اور ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع ہو گا، نیب اور این آر او کیسز سے ہٹ کر عمران خان ہر ایک سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ جب سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے بات چیت نہیں کرتے تو سیاست کا جنازہ نکلتا ہے، مجھے امید ہے اس ملک میں سیاست کا جنازہ نہیں نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ کس طرح ہمیں کہنا چاہتے ہیں کہ ہم غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے آئے، کوئی بھی عقل کا اندھا یہ نہ سوچے کہ پاکستان کی عظیم فوج کو ملک کے کسی مسئلے سے الگ کیا جا سکتا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ فوج میں بڑا تحمل ہے، وہ اپوزیشن کی طرح بے وقوف اور جذباتی نہیں، جنرل باجوہ نے ایک نہیں چار مرتبہ کہا ہے کہ جس کی بھی حکومت ہوگی فوج اس کے ساتھ کھڑی ہو گی۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ جلسے کر کے کورونا وائرس پھیلا کر حکومت کو شکست دیں گے تو یہ شکست نہیں دے سکتے?آپ بند گلی کی طرف قوم کو لے جا رہے ہیں، اس کا اپوزیشن کو نقصان زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں