اسلام آباد(گلف آن لائن)جاری مالی سال میں مجموعی ملکی برآمدات میں 2.11 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں بھی 1.63 فیصد اضافہ ہوا ہے، مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 1.05 فیصد بڑھوتری ہوئی ہے ۔ادارہ برائے شماریات پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر 2019 کے لئے ملک کا تجارتی خسارہ 9.639 ارب ڈالر تھا جو جولائی تا نومبر 2020 میں 1.05 فیصد اضافہ سے 9.740 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔
پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں مجموعی قومی برآمدات میں 2.11 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم 9.536 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 9.747 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسی طرح درآمدات میں بھی 1.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور مجموعی قومی درآمدات جولائی تا نومبر 2019 میں 19.175 ارب الر رہی تھیں جو جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2020 کے دوران 19.487 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔