اسلام آباد (گلف آن لائن)ملک کی تین بڑی سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی ، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) نے آئندہ سینیٹ انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے ، پی ڈی ایم نے سید یوسف رضا گیلانی اور فرحت اللہ بابر کو اتفاق رائے سے امیدوار نامزد کیا ہے۔ حکمران پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور سندھ سے فیصل واوڈا سمیت 15 امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے 13 امیدواروں کے نام ٹویٹ کیے جبکہ دو دیگر افراد کا ذکر پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے کیا۔
دوسری سیاسی جماعتوں کے برعکس ، حکمران جماعت نے خواہشمندوں سے باضابطہ درخواستیں نہیں طلب کی ہیں۔ 11 رکنی پارلیمانی بورڈ کی سربراہی وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کر رہے ہیں۔ فوزیہ ارشاد اور وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے ، جبکہ سیف اللہ نیازی ، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر کو پنجاب سے نامزد کیا گیا ہے۔ باقی ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اسی طرح فیصل واوڈا سندھ سے سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لئے سیف اللہ ابڑو پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔ عبدالقادر کا نام بلوچستان سے فائنل ہو گیا ہے۔ واوڈا کو غیر ملکی شہریت کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نااہلی کے مقدمے کا سامنا ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا سے آنے والے سینیٹر اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز ، غربت کے خاتمے کے معاون خصوصی ثانیہ نشتر ، محسن عزیز ، دوست محمد اور فرزانہ کو حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ باقی امیدواروں کے ناموں کا انتظار ہے۔
سینیٹ کے 104 ممبروں میں سے 52 گیارہ مارچ کو اپنی چھ سالہ میعاد ختم ہونے کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے ، جن میں سابق قبائلی اضلاع کے آٹھ سینیٹرز میں سے چار شامل ہیں۔ اب جبکہ قبائلی اضلاع خیبر پختون خوا میں ضم ہوچکے ہیں ، یہ چار نشستیں پُر نہیں کی جاسکتی ہیں ، جس کی وجہ سے سینیٹ کی کل نشستوں کی تعداد 100 ہو جائے گی۔ سینیٹ انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے ۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی پروگرام کے مطابق امیدوار 12 اور 13 فروری 2021 کو متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئں گے.