لاہور (گلف آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چئیر مین ایل ڈبلیو ایم سی ملک امجدعلی نون کی زیر صدارت ایل ڈبلیو ایم سی کے مرکزی دفتر میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں سی ای او اور ڈپٹی ای ای او ایل ڈبلیو ایم سی سمیت ادارے کے تمام شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں جاری صفائی انتظامات کے حوالے سے رپورٹ لی گئی اور شہر کی صفائی میں در پیش مسائل کے بارے میں بریفنگ لی۔
مزید چئیر مین ایل ڈبلیو ایم سی ملک امجد علی نون کی جانب سے شہر میں صفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں اور ان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں صفائی کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے۔اہلیان لاہور کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اورتمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر میں صفائی آپریشن جاری ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے تمام شعبہ جات اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔
شہر میں صفائی کے حوالے سے تمام مسائل پر قابو پاکر بہترین صفائی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان کا کہناتھا کہ شہر کی صفائی کو بہتر بنانے کے لیے مزید 3 ہزارسے زائد ورکرز کی تعیناتی کی جا ئے گی اور اس کے ساتھ شہرمیں مزید 6ہزار سے زائدکنٹینرز رکھوائے جائیں گے۔شہریوں کی شکایات کابر وقت ازالہ کیا جائے گا۔
مزید براں ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے شہر میں بہترین صفائی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اہلیان لاہور سے التماس ہے کہ شہر کو صاف رکھنے میں ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ نصب کردہ کوڑے دان میں ڈالیں۔ شکایات کی صورت میں شہری ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139یا کلین لاہور ایپ کا استعمال کریں۔