وفاقی وزیر اطلاعات

ہائوسنگ سکیم میں بلا تفریق ہر ایک کو گھر ملے گا، سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد ( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے لئے پرعزم ہیں، ہائوسنگ سکیم میں بلا تفریق ہر ایک کو گھر ملے گا، ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کا اپنا گھر ہو، حکومت نے بینکوں کو قرض کی فراہمی کے لئے واضح پالیسی دی ہے، کوئی بھوکا نہ سوئے گا، لنگر خانوں کے قیام جیسے پروگرام وزیراعظم نے غریبوں کے لئے شروع کئے، نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کے بارے میں ٹیلی تھون پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین انور علی حیدر، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر، نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر عارف عثمانی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید ثمر حسنین بھی موجود تھے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم ملک کو فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کئی ایسے اقدامات کئے ہیں جو ماضی میں دیکھنے کو نہیں ملتے، اس سے پہلے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ صرف نعرہ ہی تھا۔ وزیراعظم نے لنگر خانے قائم کئے، ”کوئی بھوکا نہیں سوئے گا“ پروگرام شروع کیا، پناہ گاہیں قائم کیں جن کا دائرہ کار آج پاکستان کے طول و ارض میں بچھنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے تمام رفقاءکار کے مشوروں بالخصوص نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین انور علی حیدر اور گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کے حکام کے ساتھ مل کر منظم طریقے سے ہائوسنگ منصوبے کا آغاز کیا۔

یہ پروگرام ان لوگوں کے لئے ہے جو کبھی گھر کی ملکیت کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ اس سکیم سے ہر پاکستانی بلا تفریق فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جتنی محنت اس پروگرام پر کی گئی ہے اور حکومت اور وزیراعظم نے سیاسی عمل داری کو یقینی بنایا ہے، یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اس سکیم کے تحت معاشرے کے وہ لوگ جو کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں، اپنے گھر میں رہتے ہوئے کرایہ کی بجائے قسط ادا کر کے مکان کے مالک بن سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں