اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وباءکے دوران حکومت کی طرف سے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد بالخصوص ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال اورسماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن نے گزشتہ روز پناہ گاہ منڈی موڑ اسلام آباد کا دورہ کیا اور پناہ گاہ میں طعام و قیام کرنے والے لوگوں کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ اس موقع نسیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ان کا افطار اور سحر میں شریک ہونے کا مقصد دیہاڑی دار مزدور طبقے کے ساتھ یکجہتی کرنا اور پناہ گاہ کے عملے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ مزدور طبقے کے ساتھ افطاری میں شرکت کرکے اس مہم کا حصہ بنے ہیں جس کا مقصد پناہ گاہوں کو کورونا سے محفوظ بنانا ہے،ہم سب کو مل کر ہی اس موذی وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔نسیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ سحرو افطار کی سرگرمیوں میں ماسک کا پہننا، سماجی فاصلہ رکھنا، صابن اور سینٹائزر کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن نے کہاکہ اس مہم کے تحت اسلام آباد اور راولپنڈی کی پناہ گاہوں میں ماسک کی دستیابی کو یقینی بنایا گیاہے، جو لوگ ماسک خریدنے کی سکت نہیں رکھتے انہیں پناہ گاہوں میں مفت ماسک فراہم کئے جاتے ہیں۔
نسیم الرحمن نے پناہ گاہ کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، پناہ گاہوں میں آنے والے شہریوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ” ہاتھ دھوپھرسو“ کی پالیسی پر عمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ پناہ گاہوں کو کراس وینٹلیشن کیا گیاہے، پناہ گاہ میں 30فیصد شہریوں کو پارسل افطاری دی جا رہی ہے جبکہ باقی لوگ پناہ گاہ میں مناسب فاصلے کے ساتھ اکٹھے افطاری کرتے ہیں۔وزیراعظم کے فوکل پرسن نسیم الرحمن نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس مہم میں مخیر حضرات اور غیرحکومتی ادارے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزدور طبقے کو یقین دلایا کہ وہ پناہ گاہ میں رہائش اختیار کرنے والوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔