لاہور، جوہر ٹاؤن میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق ، 21 زخمی

لاہور (گلف آن لائن) لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایک مکان میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ، جبکہ 21 افراد زخمی ہوگئے۔ ‌رپورٹ کے مطابق ، ریسکیو ، پولیس اور بم ڈسپوزل ٹیمیں واقعے کی جگہ پر پہنچ گئیں ، جبکہ زخمیوں کو شہر کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قریبی مکانات اور عمارتوں کی شیشے کی کھڑکیاں بکھر گئی ہیں۔ ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے اور دھماکے کے مقام پر کھڑی کچھ گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ لگ بھگ دو درجن افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں نجی کاروں اور آٹو رکشہوں کے ذریعے لاہور کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ‌جناح اسپتال انتظامیہ نے لوگوں سے آگے آنے اور زخمیوں کے لئے خون کا عطیہ دینے کے لئے کہا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجہ فراہم کیا جارہا ہے.

اسپتال حکام کے مطابق ، زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار ، ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔ جھلس جانے کی وجہ سے ، تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ‌دھماکے کی آواز اتنی تیز تھی کہ دور دراز کے علاقوں میں سنا گیا۔ تاہم ابھی تک دھماکے کی نوعیت کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ نامعلوم شخص نے گھر کے قریب موٹرسائیکل کھڑی کی جو بعد میں پھٹ گئی۔

انسپکٹر جنرل پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ حملے میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے لوگوں کو دھماکے سے متعلق افواہوں کو نہ سننے کا مشورہ دیا۔ ‌آئی جی پی نے میڈیا کو بتایا کہ سی ٹی ڈی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے مواد کے بارے میں تفصیلی رپورٹ شیئر کی جائے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں