اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان کا استحکام پاکستان کے لئے بہت اہم ہے، پاکستان نےافغان طالبان کو امریکا اور افغان حکومت سے مذاکرات پر آمادہ کیا۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیرِاعظم عمران خان کے امریکی اخبارکو دیئے گئے انٹرویو سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے انٹرویو میں امریکا کے ساتھ تعلقات کی ایک نئی جہت بیان کی ہے، امریکا کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات کی بجائے اقتصادی تعلقات پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے انٹرویو میں امریکا، چین اور افغانستان کے معاملات پر اپنا نکتہ نظر دنیا کے سامنے رکھا، انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی بھی امید ظاہر کی۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کا مؤقف ہےکہ افغان صورتِ حال خراب ہوئی تو اپنی سرحد سیل کرنے کا سوچ سکتے ہیں، پاک افغان بارڈر کے 90 فیصد علاقے پر ہم باڑ لگا چکے ہیں، ہم افغانستان کے ساتھ سرحد مکمل طور پر سیل کرنے کی پوزیشن میں ہیں.