کابل (گلف آن لائن) طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع صدارتی محل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ملک میں جنگ ختم ہونے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے ’الجزیرہ ‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے کہا کہ آج افغان عوام اور مجاہدین کے لیے عظیم دن ہے۔ انہیں اپنی 20 برس کی قربانیوں اور جدوجہد کا پھل مل گیا ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ ملک میں جاری جنگ ختم ہوئی، ہم اپنے مقصد تک پہنچ چکے ہیں جو کہ اپنے ملک اور عوام کی آزادی تھا۔
افغانستان کی نئی حکومت کی نوعیت جلد واضح ہو جائے گی، ہم تمام افغان رہنماؤں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں اور ان کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔ محمد نعیم نے کہا کہ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی ہماری زمین پر کسی کو نشانہ بنائے اور ہم دوسروں کو کوئی نقصان پہنچانا نہیں چاہتے۔ طالبان الگ تھلگ نہیں رہنا چاہتے، وہ دنیا کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، امید ہے غیر ملکی قوتیں افغانستان میں اپنے ناکام تجربےنہیں دہرائیں گی۔
دوسری جانب افغان طالبان کے سیاسی ونگ کے سربراہ ملا برادر نے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ طالبان کی کامیابیوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، افغانستان میں طالبان کی فتوحات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جو اللہ تعالیٰ کی نصرت اور مدد کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ ہماری اصل ذمہ داریاں تو اب شروع ہوتی ہیں جس میں افغان عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ شامل ہے، افغان عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حالات کو بہتر کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔