لندن (گلف آن لائن) سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے افغانستان سے انخلا کو احمقانہ اقدام قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا بڑی حکمت عملی نہیں بلکہ ایک سیاسی چال ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹونی بلیئر نے کہا ہے کہ امریکا کے افغانستان سے انخلا کے اقدام نے دنیا بھر میں شدت پسند جنگجوؤں کو خوش کردیا ہے۔ امریکی انخلا سے طالبان کو افغانستان پر قبضے کا موقع ملا۔
سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے ان خیالات کا اظہار اپنے انسٹیٹیوٹ کی ویب سائٹ کے لیے لکھے گئے ایک آرٹیکل میں کیا۔ ٹونی بلیئر 1997 سے 2007 تک برطانیہ کے وزیراعظم رہے اور نائن الیون کے بعد افغانستان میں اپنی فوجیں بھی بھیجی تھیں۔ 68 سالہ ٹونی بلیئر نے شکوہ کیا کہ امریکی نے حلیف ہونے کے باجود طالبان سے معاہدے اور پھر انخلا کے عمل سے برطانیہ کو اندھیرے میں رکھا اور اس طرح کے اقدام سے عالمی اتحاد کو نقصان پہنچے گا اور تمام ممالک کے دو گروپس میں تقسیم ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔