فواد چوہدری

پی ڈی ایم کا کراچی میں جلسہ دراصل پیپلز پارٹی کے خلاف تھا، وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا کراچی جلسہ دراصل پیپلز پارٹی کے خلاف تھا، پی ڈی ایم نے صرف شو کیا، اس میں پاور نہیں تھی، ایسی نااہل اور غیر سنجیدہ اپوزیشن پاکستان کی تاریخ میں دیکھنے کو نہیں ملتی، یہ آئندہ سات سال بھی احتجاجی بینرز اٹھا کر گزارا کریں گے۔ اتوار کو کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”برادر خورد نہ باش“ کا محاورہ شہباز شریف پر صادق آتا ہے، شہبازشریف بے چارے کو نواز شریف نے سوگنڈے سو ڈنڈے کھانے کے لئے رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صاحب ! مہنگائی اس لئے ہوئی کیونکہ آپ کے بڑے بھائی، داماد اور صاحبزادگان عوام کی جیب کاٹ کر لندن چلے گئے، عوام کے ذہنوں میں نعرہ ”شیر آٹا کھا گیا“ ابھی تازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین دہائیوں سے اقتدار پر مسلط موروثی خاندان کراچی کی ابتری اور سندھ کی بدحالی کے ذمہ دار ہیں، سندھ کے عوام سوال کر رہے ہیں کہ ان کا سرمایہ کہاں گیا؟۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر جلسوں کی صورت قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے۔ ان حالات میں انہیں اپنے کارکنان سے کہنا چاہئے تھا کہ خود کو گھر تک محدود کرلیں لیکن یہ ذاتی سیاسی مفادات کی خاطر اپنے کارکنان کو بطور ایندھن استعمال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یوں ہی کھیلتی رہے گی؟۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کورونا سے اپنوں کو کھونے والے باشعور عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ مولانا صاحب سے گزارش ہے کہ اپنی سیاسی انا کی تسکین کے لئے خود کو مزید رسوا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا نے جس اتحاد کی بھی قیادت کی وہ کامیاب نہیں ہو سکا، ایم ایم اے کی مثال سب کے سامنے ہے۔ کوئی شک نہیں سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں