واشنگٹن(گلف آن لائن)امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا نے طالبان کے ساتھ کوئی وعدہ نہیں کیا ہے۔امریکی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر طالبان عالمی برادری سے تعلقات کا قیام چاہتے ہیں تو انہیں اپنے وعدے ایفا کرنا ہوں گے۔ طالبان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اپنا وعدہ پورا کرنا اور افغان قوم کے بنیادی حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں کیلیے کسی نئے خطرے کے ظہور کے حوالے سے چوکنا ہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امریکی مشن کے بعد موجودہ وقت سب سے پرخطر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم خطرے کو ٹالنے کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے مگر خطرہ انتہائی سنگین ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن افغانستان میں موجود امریکیوں کومحفوظ طورپر نکالنے کے لیے پوری کوششیں کررہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انٹنی بلنکن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں 300 امریکی انخلا کے منتظر ہیں۔