صنعا(گلف آن لائن)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لئے قائم عرب اتحاد نے یمنی حدود میں بارودی مواد سے لدے ہوئے دو حوثی ڈرونز کو مار گرایا۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل ترکی المالکی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نواز حوثی باغی شہریوں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحاد نے یمنی حدود میں ہی پہلے ڈرون طیارے کو گرانے کی تصدیق کے کچھ ہی بعد دوسرے بارودی ڈرون کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔بارودی ڈرونز سے سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کی کارروائی ناکام بنانے سے ایک دن قبل ہی حوثی باغیوں نے ابھا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔عرب اتحاد نے اس ڈرون کو فضا میں تباہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں ائرپورٹ کسی بڑی تباہی سے بچ گیا مگر تباہ شدہ ڈرون کے پرزے ائرپورٹ کے احاطے میں گرنے سے ائرپورٹ ملازمین زخمی ہوگئے اور وہاں موجود ایک جہاز کو نقصان پہنچا۔