لاہور( گلف آن لائن) نامور گلوکار عارف لوہارنے کہا کہ میں اپنے بچوں کوکسی مقام پر دیکھنے سے پہلے انسانیت کے بلند مقام پر دیکھنے کا خواہشمند ہوں ، سب سے خوبصورت انسان وہ ہے جس کے اخلاق بلند ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے جس بھی شعبے میں جائیں ان کی شخصیت میں انسانیت کا پہلو نمایاںہونا چاہیے ۔ ایک انٹر ویو میں عارف لوہار نے کہا کہ میں نے اپنے بچوںکی تربیت اس انداز میں کی ہے کہ میری خواہش ہے کہ وہ زندگی بھر با ادب رہیں کیونکہ ایسے لوگ ہی کامیابیاں سمیٹتے ہیں ۔
کسی باپ کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد دنیا کے کسی بھی میدان میںبھرپور کامیابیاں سمیٹیں لیکن ہمیں اس کے ساتھ اپنی اولاد کو انسانیت کا درس بھی دینا چاہیے او راسی میںدنیا او ر آخرت کی کامیابی بھی ہے ۔
میں نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ میں کوئی ایسی حرکت نہ کروں جس سے میرے والد محترم کی عزت پر حرف نہ آئے اور مجھے قوی امید ہے کہ میرے بچے بھی اس میراث کو آگے لے کربڑھیں گے۔