اسلام آباد (گلف آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے آٹے کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ گزشتہ 20 دن میں آٹا 100 روپے مہنگا ہوا، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں30روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ فلور ملز کو حکومت گندم فراہم کرنے میں ناکام ہے، گندم کی بمپر فصل کا دعوہ کرنے والی حکومت عوام کو سستا آٹا فراہم نہیں کر سکی۔
انہوںنے کہاکہ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا، 0.67 فیصد اضافہ کے ساتھ مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 12.53 فیصد ہو چکی ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آٹے کی قیمتوں میں اضافہ گندم کی قلت نہیں حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلے ہی غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، حکومت آٹے کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔