لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بک می ڈاٹ کام کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کرلیا ہے، جو ستمبر 2021 سے ستمبر 2023 تک جاری رہے گا۔ اس معاہدے کا آغاز پاکستان کی ہوم انٹرنیشنل سیریز میں شامل پہلی پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز سے ہوگا۔ اس دورے میں 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔معاہدے کے تحت پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز کے علاوہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کی ٹکٹوں کی فروخت بھی بک می ڈاٹ پی کے پر کی جائے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ دونوں ایڈیشنز کی ٹکٹیں بھی بک می ڈاٹ کام پر دستیاب ہوں گی۔ آئندہ دو سالوں کے لیے پاکستان کپ، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، قائداعظم ٹرافی، ویمنز ٹورنامنٹ اور انٹرنیشنل ایونٹس کے میچز کی ٹکٹوں کی فروخت بھی بک می ڈاٹ پی کے پر کی جائے گی۔نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت ساڑھے تین بجے شروع ہوگئی سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی ٹکٹیں 1 ہزار سے 2 ہزارروپے تک فروخت ہوں گی جبکہ پانچوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی ٹکٹیں 500 سے 3000 روپے تک دستیاب ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسرسلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز میں فینز کی واپسی پر بہت پرجوش ہیں، ہم نے اپنے سروس پارٹنر بک می ڈاٹ پی کے کے ذریعے ٹکٹوں کی فروخت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ایک حکمت عملی کے تحت بک می ڈاٹ کام پی کے کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔جس کے تحت انہیں آئندہ دو سال کے لیے ڈومیسٹک اور ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سمیت ویمنز کرکٹ کی ٹکٹوں کی فروخت بک می ڈاٹ پی کے کے سپرد کی گئی ہے۔سلمان نصیر نے کہا کہ فی الحال 25 فیصدتماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم فینز سے درخواست ہے کہ وہ کوویڈ 19 سے متعلق پی سی بی اور حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
فیضان اسلم کاکہنا ہے کہ وہ سال 2023 تک کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹکٹنگ شراکت دار بن گئے ہیں۔گزشتہ پی ایس ایل میں بہتر تعاون کی وجہ سے ہمارا اور پی سی بی کا رشتہ مزید مضبوط ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ بک می ڈاٹ پی کے کے نمائندے این سی او سی کی مدد سے کوویڈ 19 ویکسینیشن کے عمل کی تصدیق کی کوشش کررہے ہیں۔ فینز کو ویکسین سرٹیفیکٹ اور اپنی ٹکٹ ہمراہ لانے کی ضرورت ہوگی۔پاکستان بھر میں ٹکٹ ایم اینڈ پی سیلز دفاتر سے فون پر یا آن لائن خریدے جا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے (0313-7786888) رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ آن لائن ٹکٹ خریدنے کے لیے www.Bookme.pkپر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔