اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ چینی اور ایل این جی کی ڈکیتی کے بعد گندم خریداری کی مہنگی ڈیل میں ایک اور دیہاڑی لگالی گئی ہے ۔
اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ بدقسمتی ہے کہ آج ملک میں آٹا چینی کپاس ایمپورٹ ہو رہی ہے،عمران مافیا کی خوش قسمتی کہ ملک کی ساری امپورٹ عمران صاحب کے اے ٹی ایمز کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 280 کے بجائے 369.50 ڈالر فی ٹن گندم درآمد منگوانے کی منظوری عمران صاحب کے وژن کے عین مطابق ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مہنگی قیمت پر 120000 ٹن گندم درآمد کی منظوری دی ہے ،عمران صاحب کے ”وژن” سے پہلے ہی چینی ایل این جی کی درآمد سے قوم کو لوٹا جا چکا ہے ۔
انہوںنے کہاکہ عمران صاحب کے وژن کے مطابق گندم اور چینی امپورٹ میں وہی کھیل کھیلا جا رہا ہے جو ایل این جی میں کھیلا گیا۔ انہوںنے کہاکہ سستی ایل این جی جب ملے تو نہ خریدو، مہنگی خریدو تاکہ عمران مافیا کی جیبیں بھریں،سستا آٹا جب ملے تو نہ خریدو، مہنگا خریدو تاکہ عمران مافیا کی جیبیں بھریں۔ انہوںنے کہاکہ سستی کپاس جب ملے تو نہ خریدو، مہنگی خریدو تاکہ عمران مافیا کی جیبیں بھریں،جان بوجھ کے تب چیزیں لی جاتی ہے جب عمران مافیا کو فائدہ اور عوام کو نقصان ہو۔ انہوںنے کہاکہ جان بوجھ کر تاخیر کرو، مہنگے داموں امپورٹ کرو اور پھر وزارتوں کی سرزنش کے ڈرامے؟،گندم امپورٹ کے ذریعے مزید اربوں روپے قوم کی جیب سے چرائے گئے۔