کولمبو (گلف آن لائن)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر لاستھ ملنگا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ملنگا کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر ختم ہوگیا۔خیال رہے کہ سری لنکا کے لیجنڈری فاسٹ بولر لاستھ ملنگا ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔ علاوہ ازیں لاستھ ملنگا اس سال جنوری میں فرنچائز کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ چکے ہیں۔لاستھ ملنگا 2014 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان تھے۔
ملنگا نے سری لنکا کی جانب سے 30 ٹیسٹ، 226 ون ڈے اور 84 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جن میں انہوں نے بالترتیب 101، 338 اور 107 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ لاستھ ملنگا نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 3 مرتبہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 2 مرتبہ ہیٹ ٹرک کی۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ لاستھ ملنگا بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر بھی ہیں۔