ہانگ ژو (گلف آن لائن) امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا نے چین میں ایک ڈیٹا مرکز قائم کیا ہے تاکہ اس ملک میں اپنے کاروبار کے حوالے سے پیدا ہونے والے تمام اعدادوشمار بشمول پیداوار ، فروخت ، خدمات اور چارجنگ کو مقامی رنگ دیا جا سکے۔ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے چین کے مشرقی صوبہ ژے جیانگ کے ووجن میں شروع ہونے والے عالمی انٹرنیٹ کانفرنس 2021 ووجن سربراہی اجلاس سے ایک ویڈیو خطاب میں کہا کہ تمام انفرادی طور پر قابل شناخت معلومات بیرون ملک منتقل کیے بغیر چین میں محفوظ طریقے سے جمع کی جاتی ہیں۔
بیرون ملک سے پرزہ جات منگوا نے کے دوران صرف بہت ہی غیر معمولی کیسزمیں ڈیٹا کی بین الاقوامی سطح پر منتقلی کی منظور ی دی جاتی ہے۔مسک نے کہا کہ ڈیٹا کا تحفظ ذہین اور باہم منسلک گاڑیوں کی کامیابی کی کلید ہے، یہ نہ صرف انفرادی مفادات سے قریبی مربوط ہوتا ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسلا ڈیٹا سکیورٹی کے لیے بہترین حل تلاش کرنے کی خا طر ریگولیٹرز کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہے۔ٹیسلا نے 2019میں اپنی پہلی گیگا فیکٹری امریکہ سے باہر شنگھائی میں تعمیر کی تھی، جس کی سالانہ پیداواری صلاحیت 5لاکھ یونٹس ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ فیکٹری میں رواں سال کے اختتام تک مقامی طور پر یہ شرح تقریبا90فیصد تک پہنچ جائے گی۔