محمد فاروق حیدر

عوام10اکتوبرکوووٹ کے ذریعے سیاسی اجارہ داری کے کرونے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں مسلم لیگ کو کامیاب کریں، محمد فاروق حیدر

ڈماس چڑہوئی (گلف آن لائن)مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے حلقہ چڑہوئی کے عوام سے کہا ہے کہ وہ 10اکتوبرکواپنے ووٹ کے ذریعے سیاسی اجارہ داری کے کرونے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں اور مسلم لیگ ن کو کامیاب کریں۔

مسلم لیگ ن تمام برادریوں اور قبائل کا گلدستہ ہے، 2021 میاں نواز شریف کی واپسی کا سال ہے، ایک سال سے زیادہ پاکستان میں جھوٹ، مکاری، مہنگائی اورعمرانی نظام نہیں چل سکتا، آزاد کشمیر میں ان کے چیلے بھی ان کے ساتھ ہی جائیں گے، میرپور اور چڑہوئی کی سیٹیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، پی ٹی آئی اسمبلی کے اندر دوتہائی اکثریت حاصل کر کے آزاد خطے کے لوگوں کے وہ حقوق واپس چھیننا چاہتی ہے جو مسلم لیگ ن کی حکومت نے تیرویں ترمیم سے حاصل کیے اور عوام کو کشمیر کونسل جیسے کرپٹ ادارے سے نجات دلا کر آزاد کشمیر اسمبلی اور آزاد حکومت کو مالی طور باا ختیار بنایا، چڑہوئی اور میرپور کے عوام ”شیر: کے نشان پر مہر لگا کر میرے دست و بازو بنیں تاکہ ہم اُن سازشوں کا راستہ پوری قوت سے روک سکیں جو ریاست جموں وکشمیر کی تقسیم اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے خلاف عمران حکومت کر رہی ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان حلقہ چڑہوئی میں بلواٹی اور ڈماس کے مقامات پر انتخابی مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے۔ ان میٹنگز سے سابق امیدوار اسمبلی بزرگ رہنما راجہ محمد اقبال خان،سابق امیدوار اسمبلی ڈاکٹر راجہ محمود الحسن، سید عدیل شاہ، صوبیدار حسین شاہ، سابق چئیرمین کے ڈی اے راجہ عقیل احمد، راجہ محمد اعجاز، راجہ افتخاربھٹو،ڈاکٹر محمد اورنگ زیب، محمد عارف، عدنان اعظم، راجہ زاہد، راجہ عبد العزیز، اور دیگرز نے خطاب کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان جو آجکل چڑہوئی کے حلقے میں انتخابی مہم پر ہیں کا مختلف مقامات پر شاندار استقبال کیا گیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں پیسے اور اجارہ داری کا جو رحجان پروان چڑھ رہا ہے یہ انتہائی خطرناک ہے جس سے سیاسی جماعتوں اور سیاسی کارکنان کی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے اس فرسودہ نظام اور رواج کو ووٹ کے ذریعے دفن کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 2011 میں دو سیٹوں پر انتخاب جیتا اور جب ایک سیٹ چھوڑی تو میں نے اپنے بیٹے کو نہیں ایک سیاسی کارکن بیرسٹر افتخار گیلانی کو الیکشن لڑایا تھا، کیا میرپور اور چڑہوئی میں صاحبزادوں کے علاوہ اور کوئی سیاسی کارکن انہیں نظر نہیں آیا؟ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر اس سیاسی بیماری کے خلاف جہاد کریں۔ برادریوں اور قبیلوں کی تقسیم کو ختم کریں، سیاست غیرت اور حمیت کانام ہے ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پانچ سال لوگوں کی خدمت کی، میرٹ اور گڈ گورنس قائم کی ہے۔

آج حکمران طبقہ لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دیکر بلیک میل کر رہا ہے ان پر یہ بات واضع ہونی چاہے کہ این ٹی ایس ایک قانون بن چکا ہے جس کے بغیر گریڈ7 سے15 تک کوئی بھرتی نہیں ہو سکتی جبکہ اس سے اوپرکے گریڈ میں بھرتی کے لیے پبلک سروس کمیشن موجود ہے، راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات پر اثر انداز ہونے والے حکومتی اقدامات کو روکیں اور ایسا ماحول پیدا کریں کہ لوگ خوف کی فضا سے آزاد ہو کر اپنا ووٹ استعمال کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پانچ سال ایک روپہ اورڈرافٹ نہیں لیا ،مالی ڈسپلن قائم کیااور آزاد خطے کی بلاتخصیص خدمت کی ہے آزاد کشمیر میں عمرانی نظام کا مسلط کردہ یہ ناہلوں کا ٹولہ پہلی سہ ماہی کا 4 ارب روپیہ ضائع کر چکا ہے آزاد کشمیر میں اس وقت آٹھ حکومتیں کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں گلگت کو صوبہ بنانے کی قرارداد لانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، مسلم لیگ ن ریاست جموں وکشمیر کی تقسیم کی ان سازشوں کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ کھڑی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں