پیانگ یانگ(گلف آن لائن )شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ ان نے امریکی سرزمین پر ایٹمی حملے کے لیے تیار کیے گئے طاقتور میزائلوں کا جائزہ لیا اور امریکا کے مقابلے میں ایک ناقابل تسخیر فوج کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ ان نے ہتھیاروں کے نظام کی ایک نادر نمائش کا معائنہ کیا جس میں امریکا پر ایٹمی حملے کے لیے تیار کردہ میزائل بھی رکھے گئے تھے۔ہتھیاروں کی نمائش کی تقریب سے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کم جونگ ان نے کہا کہ وہ اسلحے اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنی فوج کو امریکا سے مقابلے کے لیے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
کم جونگ ان نے امریکا کو جزیرہ نما کوریا میں عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امریکا کے غلط اور جانبدار فیصلوں کی وجہ سے خطے میں کشیدگی پیدا ہوئی اور کوریائی عوام کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کردیا گیا۔شمالی کوریا کے حکمراں نے مزید کہا کہ امریکا بار بار شمالی کوریا کے ساتھ دشمنی سے انکار کرتا آیا ہے تاہم اب تک ایک بھی ایسا اقدام نہیں اٹھایا گیا جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ شمالی کوریا کا دشمن نہیں ہے۔
کم جونگ ان نے اپنی تقریر میں جنوبی کوریا کو بھی امریکا سے قریب ہونے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ شمالی کوریا کی ہتھیاروں کی تیاری پر نکتہ چینی پر اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔شمالی کوریا کے میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں کم جونگ ان کو سیاہ لباس میں سرخ قالین پر ٹرکوں پر نصب بڑے میزائلوں اور راکٹ لانچ سسٹم کے ساتھ چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ جیٹ طیارے فضا میں پرواز کر رہے ہیں۔