کابل(گلف آن لائن)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کی گاڑی پر دستی بم حملے میں دوجنگجو اور اسکولوں کے 4 بچے زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے بتایا کہ بدھ کی صبح ضلع ڈیھ مزنگ میں طالبان کی گاڑی پر دستی بم پھینکا گیا جس سے دو جنگجو زخمی ہوئے۔ایک اور عہدیدار نے کہا کہ ہماری ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں اسکول کے 4 بچے زخمی ہوئے۔عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکا صبح 8 بجے سے کچھ دیر قبل دارالحکومت کے مغربی ضلع ڈیھ مزنگ میں مصروف وقت کے دوران ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے کام پر جارہا تھا جس دوران سڑک پر زوردار دھماکا ہوا تاہم میں وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔35 سالہ مترجم نے کہا کہ مجھے گاڑی کے شیشے پر بہت دھواں دکھا اور لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا۔سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی تصاویر میں جائے دھماکا سے دھواں اور مٹی اڑتی دیکھی گئی۔حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے متعلق کسی کا بیان سامنے نہیں آیا۔تاہم طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد دہشت گرد تنظیم داعش کے حملے میں تیزی آئی ۔