اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان نے (عالمی مالیاتی ادارے) آئی ایم ایف کی بیشتر شرائط مان لی ہیں، قرض پروگرام بحالی کیلئے پاکستان کو نئی شرائط پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایاکہ قرض پروگرام کی بحالی کا حتمی اعلان آئی ایم ایف بورڈ کرے گا، پاکستان ٹیکس محاصل بڑھانے کے اقدامات کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نجکاری پروگرام پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا ، پاور سیکٹر اصلاحات سے متعلق شرائط پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کو معاشی اہداف پر نظرثانی کی تجویزدے دی، شرح سود بڑھانے اور ڈالر کا مارکیٹ ریٹ مقرر کرنے کی شرط عائد کی گئی۔ذرائع وزارت خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے پلان کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔دوسری جانب ترجمان مشیرخزانہ مزمل اسلم کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں،جیسے ہی مذاکرات مکمل ہوں گے اعلامیہ جاری کردیا جائے گا ۔مزمل اسلم نے کہاکہ جاری مذاکرات کے دوران ناکامی کی خبر دینا بھی درست نہیں ، اس کے علاوہ جو خبر چل رہی ہے وہ وزارت خزانہ کا موقف نہیں ۔