اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی ظلم کے نتیجے میں کشمیریوں کا عزم مزید پختہ ہوا، کشمیری بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں،لاک ڈائون اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکا،مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیری عوام کی امیدیں ایک دن ضرور پوری ہوں گی۔
بدھ کو کشمیریوں کے یوم سیاہ پر پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیریوں کے لئے ایک تاریک دن کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، کشمیری بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیری عوام کی امیدیں ایک دن ضرور پوری ہوں گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری مسلسل محاصرے میں ہیں، ان کی قیادت پابند سلاسل ہے اور ان کے نوجوانوں کو ‘چھاپوں اور تلاشی’ کی کارروائیوں کی آڑ میں مسلسل نشانہ بنایاجارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ جبر واستبداد اور طاقت کے زور پر وہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا، حقیقت یہ ہے کہ بھارتی بے رحمی، جبر و استبداد کے نتیجے میں منصفانہ جدوجہد کے لیے کشمیریوں کا آہنی عزم مزید مضبوط اور پختہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارتی جبر و استبداد سے دنیا کو مسلسل آگاہ اور بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت سے خبردار کرتا آرہا ہے، موجودہ دور حکومت میں بھارت میں مسلمانوں کو خوف کی علامت بنا کربدنام کیا گیا، مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں اور نچلی ذات کے لوگوں کو مظالم کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور ان سے امتیازی سلوک روا ہے۔