گلگت (گلف آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے کہاہے کہ گلگت بلتستان سی پیک کا بیس کیمپ، پاکستان کا معاشی حب بنے گا، گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے پر پیشرفت تیزی سے جاری ہے، عبوری صوبے کے قیام سے گلگت بلتستان کے عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہو جائے گی۔
گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام نے لازوال قربانیوں کے ذریعے ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی، گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نواز رکھا ہے، عمران خان کی حکومت نے گلگت بلتستان میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ 370 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں سے ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، گلگت بلتستان سی پیک کا بیس کیمپ، پاکستان کا معاشی حب بنے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے پر پیشرفت تیزی سے جاری ہے، عبوری صوبے کے قیام سے گلگت بلتستان کے عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔