اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ گور نر اسٹیٹ بینک کے بیان کی وضاحت طلب کی جانی چاہیے ۔ بدھ کو قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میں نے کمیٹی میں کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان کی وضاحت طلب کی جائے۔
انہوںنے کہاکہ گورنر اسٹیٹ بینک کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے، معیشت کی صورت حال پر پوری حکومت کو عوام ست معذرت کرنی چاہئے۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ حکومت نے پاکستان کا مستقبل گروی رکھ دیا ہے، حکومت خود اعتراف کر رہی ہے کہ مہنگائی بڑھے گی۔ انہوںنے کہاکہ بنی گالا کا ہیلی کاپٹر تو عوام کے ٹیکسز سے چلے گا، پاکستان کے معاشی اعداد و شمار خطے میں سب سے خراب ہیں۔