لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما واین اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھنا چھوڑ کر اپنی سیاسی بقاء کی فکر کرے ،این اے 133کے مقابلے میں موجود ہیں اورانشا اللہ ہمیں ہائیکورٹ سے ریلیف ملے گا ،ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی کسی ” واردات ” کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حلقہ این اے 133کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجودمثبت پیشرفت کر رہی ہے جس کی وجہ سے اپوزیشن کے پیٹ مروڑ اٹھ رہے ہیں ۔
اس وقت ہماری پہلی ترجیح کروڑوں لوگو ں کوعالمی سطح پر مہنگائی کے رجحان کے اثرات سے بچانا ہے اور اس کیلئے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ ہم موجودہ حالات سے ہرگز مایوس نہیںبلکہ مشکل کی گھڑی سے تقویت لے کر سر خرو ہوںگے۔ انہوںنے کہا کہ جس جماعت میں رسہ کشی عروج پر ہے وہ آج قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھ رہی ہے ، ایسے عناصر مایوسی پھیلا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں لیکن انہیں وقت آنے پر عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ این اے 133کے کارکنوں کا جذبہ پہلے سے بڑھ گیا ہے اور بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں ، انشا اللہ ہمیں ہائیکورٹ سے ریلیف ملے گا اورمسلم لیگ (ن) کوسیاسی میدان میں شکست دیں گے۔