لاہور(گلف آن لائن)ملک کے کئی علاقوں میں پرچون سطح پر چینی کی قیمت160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی،بعض علاقوں میں چینی کی قلت پیدا ہو گئی ،یوٹیلیٹی اسٹورز پر رعایتی نرخ والی چینی ہی غائب ہو گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں چار روز میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اضافہ ہوا اور شہری 160 روپے فی کلو خریدنے پر مجبور ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق چینی کی قیمت میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ فیصل آباد میں چینی کا بدترین بحران ہے اورچینی کی فی کلو قیمت 20 روپے کلو اضافے کے بعد 160 روپے تک پہنچ گئی جبکہ چینی کی قلت بھی شروع ہو گئی ہے ۔
پشاور کے شہری بھی150 روپے فی کلو میںچینی خرید رہے جبکہ ڈیلروں نے اعلان کیا ہے کہ چینی کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔لاہور میں بھی صورتحال مختلف نہیں اور چینی کی 130روپے سے 140روپے تک فروخت جاری ہے۔دوکانداروں کی اکثریت نے جرمانوں اور مقدمات کے اندراج کے خوف سے چینی فروخت کرنا ہی چھوڑ دی ہے۔حیدر آباد میں بھی چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں پر قیمت160 روپے فی کلو تک ہے ۔