کراچی(گلف آن لائن )وزارت خزانہ نے مالی سال 2022کی پہلی سہ ماہی کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق محصولات میں 38فی صد اضافہ جبکہ سود اور قرضوں کی ادائیگی میں 16فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2022میں کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی خسارہ اشاریہ 8فی صد رہا جو مالی سال 2021کی پہلی سہ ماہی میں 1اعشاریہ 1فی صد رہا تھا۔
مالی سال 2022کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے 38فی صد اضافے سے 1ہزار397ارب روپے اکھٹے کیے جبکہ اسی عرصے کے دوران دفاعی اخراجات 17فی صد بڑھ کر 262ارب روپے پر پہنچ گئے۔قرضوں اور سود کی مد میں ادائیگی کی رقم 16فی صد کم ہوکر 623ارب روپے ہوگئی ۔ مالی سال 2022کی پہلی سہ ماہی میں پیٹرلیم لیوی کی مد میں وصول کی جانے والی رقم میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ پٹرولیم لیوی 136ارب روپے کے مقابلے میں 13ارب 30کروڑ روپے وصول کی گئی۔