لاہور (گلف آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عدلیہ ہمارا قابل احترام ادارہ ہے،آزاد عدلیہ ہی ملک میں جمہوریت کو مضبوط اور مستحکم کر سکتی ہے ، قانون کی حکمرانی کے لیے عدلیہ کو مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کے اندر انتشار اور افراتفری کی فضا قائم کی جارہی ہے، سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں،22کروڑ عوام اضطراب میں مبتلا ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ملک و قوم ترقی کے راستے پر گامزن ہوسکتے ہیں۔ آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اگر کسی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے تو اس کے خلاف سخت سے سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سنگین الزامات کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی برسر اقتدار آئی ہے عوام کو درپیش مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔
احتساب کا سار ا نظام ہی سیاسی مخالفین سے انتقامی کارروائیوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ پانامہ لیکس اور پینڈورا پیپرز میں بے نقاب ہونے والوں کے خلاف کب تک کاروائی کی جائے گی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بروقت انصاف کی فراہمی میں پاکستان کا 130ممالک میں سے 128واں نمبر ہے۔ مقدمات کئی کئی سالوں تک التوا کا شکار رہتے ہیں مگر اس جانب کسی کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنا کر ہی عدلیہ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا۔