اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ حکومت ہر بچے کو غربت اور ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے، پاکستانی بچوں کی بہتر زندگی کیلئے میڈیا، معاشرے، والدین اور خود بچوں کو بھی مل کر تعمیری کردار ادا کرنا ہو گا۔ بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ بچوں کا عالمی دن منانے کا مقصد بچوں اور انکے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ آج ہم اپنے بچوں کیلئے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کا عزم کرتے ہیںے۔
انہوںنے کہاکہ حکومت ہر بچے کو غربت اور ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے، ہر بچے کو معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یقینی بنا رہے ہیں کہ کسی بچے سے اس کی قومیت، مذہب یا صنف کی بنیاد پر تفریق نہ کی جائے۔انہوںنے کہا کہ آج ہم اپنے بچوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے شدید اثرات سے بچانے کا بھی عزم کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی بچوں کی بہتر زندگی کیلئے میڈیا، معاشرے، والدین اور خود بچوں کو بھی مل کر تعمیری کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوںنے کہاکہ آئیں وبا پر قابو پا کر ہر بچے کیلئے بعد از وبا ایک بہتر مستقبل کیلئے کام کریں۔