کراچی(گلف آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرسکون مستقبل کا انحصار اس پر ہے کہ بچوں کو ہر قسم کی انتہاپسندی سے پاک ماحول فراہم کیا جائے۔
میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں پی پی پی چییئرمین نے کہاکہ ملک کا بلاشبہ سب سے بیش بہا سرمایہ ہمارے بچے ہیں، لیکن افسوس ہے بچوں کی تعلیم، صحت، ذہنی تربیت، تفریح، اور حقوق کے حوالے سے ہماری ریاست و معاشرہ اپنی ذمہ داریوں سے بہت دور کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے پرامن و پرسکون مستقبل کا انحصار اس پر ہے کہ بچوں کو ہر قسم کی انتہاپسندی اور امتیاز سے پاک، اور بقائے باہمی پر قائم ماحول میں پھلنے پھولنے دیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول نہ جانے والے بچوں کے حوالے سے دنیا میں ہمارا ملک دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ نومولد بچوں کے لیئے صحت کی سہولیات کا فقدان، غذائی قلت، گھروں یا اسکولوں میں جسمانی سزا، بچوں سے مشقت لینا، بے گھر بچوں کا مسئلہ اور اس طرح کے دیگر کئی مسائل ہیں، جن کا اب جنگی بنیادوں پر حل نکالنا ناگذیر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیئے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے نمایاں قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ثانوی سطح تک تعلیم مفت ہے جبکہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے بچوں کے بہتر علاج معالجے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان کے تمام وسائل پر سب سے پہلا حق پاکستانی بچوں کا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مسقبل کے معماروں کے باب میں ریاست اپنی پوری ذمیداری اٹھائے۔ اس معاملے میں کسوٹی اب الفاظ نہیں، عملی اقدام ہوں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے پاس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستانی بچوں کے حقوق اور روشن مستقبل کے لیئے اسی طرح سے جدوجہد جاری رکھے گی، جیسے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کی تھی۔