کراچی(گلف آن لائن)ڈاکٹر ماہا شاہ کی مبینہ خودکشی کیس میں اہم پیشرفت، ڈیفنس میں خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا علی سے مرکزی ملزمان جنید خان اور سید وقاص کی مبینہ زیادتی کے الزامات ڈی این اے رپورٹ میں منفی قرار پائے ہیں۔ہفتہ کوایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ڈاکٹر ماہا شاہ کی مبینہ خودکشی کیس کی سماعت ہوئی۔
تفتیشی افسر نے پولیس سرجن حیدر آباد کی نگرانی میں 9 ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ڈی این اے رپورٹ کے مطابق مرکزی ملزم جنید خان اور سید وقاص حسن کا ڈی این اے متوفیہ ڈاکٹر ماہا علی سے میچ نہیں کرتا۔رپورٹ پر ڈاکٹر وحید علی، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر وقار احمد اور ڈاکٹر رجنی کمار کے دستخط ہیں۔استغاثہ نے ڈی این اے سیمپل نا دینے پر مقدمے میں زیادتی کی دفعات بھی شامل کی تھی۔ملزم کے وکیل نے موقف دیا کہ ڈی این اے سیمپل میچ نا ہونے سے مقدمے سے زیادتی کی دفعہ از خود خارج ہوجائے گی۔
عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے ڈاکٹر ماہا علی کے دوست جنید خان اور سید وقاص حسن پر متوفیہ ڈاکٹر ماہا علی کے والد سید آصف علی شاہ کی جانب سے زیادتی کے الزامات لگائے گئے تھے۔عدالتی حکم پر مرکزی ملزم جنید خان اور سید وقاص نے خون اور بکل سویب (buccal swab) کے نمونے جام شورو یونیورسٹی میں خود جا کر دیئے۔متوفیہ ڈاکٹر ماہا علی کے کپڑوں اور خون کے نمونوں سے ڈی این اے سیمپلز کا موازنہ کیا گیا۔