لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما نعیم احمدشاہ نے کہا ہے کہ کارو باری طبقہ حکمرانوں سے تنگ اور عاجز آچکا ہے،حکومت معا شی پہیہ جام کرنے والی پالیسو ں پر نظر ثا نی کرے اور ہر طبقے کو احتجاج پر مجبورنہ کرے،بڑھتی ہوئی مہنگائی ،بیروزگاری اور لاقانونیت نے حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔ان خیالا ت کااظہارانہو ں نے محمد اظہرقادری،حاجی محمدعارف،حاجی اظہرسراج،چوہدری گل شیروڑائچ ، میاں طاہرمحمود، میاں طیب یونس، میاں محسن یونس، میاں عامرمشتاق، میاں سرمدنوید، میاں عامراکرام، عبدالرحمان وٹوو دیگر سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔
انہو ں نے کہاکہ ڈالر کا تاریخ کی بلند ترین سطح پر چلے جاناپی ٹی آئی کے حکمرانوںکی ناقص حکمت عملی ہے۔ عوام کے دلو ں میں حکومت کیلئے بیزاری پیدا ہو چکی ہے ،نئے پاکستان کے حکمرانو ں کی وجہ سے اس وقت ہر طرف افراتفری اور بے چینی کا ماحول ہے۔ انہو ں نے کہاکہ مہنگائی سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے اور اس کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔ گڈزٹرانسپورٹرز کو پہلے کرونا کے نتیجے میں لگنے والے لاک ڈائون نے پریشان کیے رکھا اب مہنگائی کے باعث گڈزٹرانسپورٹرز بھی شدید متاثر ہوئے ہیں ،اگر غریب عوام کے پاس دو وقت کی روٹی کے پیسے نہیں ہوں گے تو وہ دیگر اشیا ء کیسے خرید سکیں گے۔