لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکز ی رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام نے نہیں بلکہ شریف ،زرداری سمیت صرف چندخاندانوں کی اولادوں نے دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی ہے ،مسلم لیگ (ن) کے جتنے بھی رہنما اپنی کرپٹ قیادت کے گردجمع ہیں اورجان دینے کے لئے تیار ہیں شریف فیملی کی ساری جائیدادیں ان کے نام پر ہیں اور یہ ان کے بے نامی فرنٹ مین ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہر کسی سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں ۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 133کے مرکزی آفس میں مشترکہ سیشن میں ہونے والی قانون سازی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما،اکابرین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ شہبازشریف تو کہتے تھے کہ ہم آصف زرداری کا پیٹ پھاڑ کرلوٹی ہوئی دولت نکلوائیںگے اور انہیں سڑکوںپر گھسیٹے گے لیکن آج ایک دوسرے کو کندھا فراہم کر رہے ہیں ۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بوسیدہ اورفرسودہ نظام کے ذریعے عوام کو اپنا غلام بناکر رکھنا چاہتے ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان نے ان کے تمام منصوبے ناکام بنا دئیے ہیں ،انہیں معلوم ہے کہ یہ کبھی بھی شفافیت کے بل بوتے پر حکومت نہیں بنا سکتے اس لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سب پہلے سے ان کی سیاست کیلئے تقویت کا باعث بننے والی کرپشن کی سپلائی لائن کاٹی اور اب الیکٹرانک ووٹنگ مشینوںکی قانون سازی کے ذریعے ان کا ” واردات ” کے ذریعے ایوانوںمیں پہنچنے کا راستہ بھی بند کر دی اہے ،اب جو بھی ایوانوںمیں جائے گا وہ عوام کے حقیقی ووٹوں سے جائے گا ۔