لاہور (گلف آن لائن) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انڈین فلم اور ڈرامے کو پروموٹ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اپنے فنکاروں کو اچھا پروٹوکول اور پیسہ دو، ملک کا نام روشن کریں گے۔
الحمرا ہال میں ایشئین ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ چھ ماہ کلچر کا منسٹر رہا، اپنے دور میں اتنی سرگرمیاں کروائیں جتنی گزشتہ بیس، پچیس سال سے بھی نہ ہوئی تھیں، اس دوران میں نے ساڑھے پانچ سو میٹنگز کیں، میرے کام کی گواہی سید نور سمیت سب دیں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماں کے پیٹ سے کوئی قائد اعظم، علامہ اقبال، شیر میانداد بن کر نہیں آتا، سب محنت کے بل بوتے پر اوپر آتے ہیں، ہمیں، اپنے فنکاروں، گلوکاروں کو پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے،جب فنکاروں سے معمولی معاوضوں پر کام لیں گے تو پرفارمنس کہاں سے آ ئے گی،، ببو برال یا مستانہ اپنی زندگی کے آخری ایام کسمپرسی میں کیوں گزاریں، اپنے فنکاروں کو اچھا پروٹوکول اور پیسہ دو، ملک کا نام روشن کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور نجی اداروں کو چاہیے کہ فنکاروں کو بہترین معاوضے دیں، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں کوشش کی لیکن درمیان میں کورونا آ گیاآئندہ چھ ماہ میں پورے پنجاب کے پاس ہیلتھ کارڈ ہو گا۔