ڈھاکہ (گلف آن لائن)بنگلادیش کے خلاف اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے پاکستانی اوپنر عبداللّٰہ شفیق کی بیٹنگ صلاحیت کے قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی بھی معترف ہوگئے۔ چٹاگانگ ٹیسٹ میچ بین الاقوامی ریڈ بال کرکٹ میں اپنے کیریئر کی شروعات کرنے والے عبداللّٰہ شفیق نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان بابر اعظم نے کہا کہ عبداللّٰہ نے اپنا ٹیلنٹ منوایا، انہوں نے تحمل سے اننگز کھیلی۔بابر اعظم نے کہا کہ عبداللّٰہ شفیق کیلئے اہم بات اس کا بیلنس ہے، وہ گیند کو کافی دیر سے کھیلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو تین دورے سے ساتھ ہے، اس بار چانس دیا، جتنا زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گا، اس کا کھیل اتنا ہی بہتر ہوگا۔ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی اظہر علی کا کہنا تھا کہ عبداللّٰہ شفیق کے اعتماد کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، ڈومیسٹک کرکٹ میں دیکھ کر اس کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عبداللّٰہ نے دونوں اننگز میں شاندار بیٹنگ کی، یہ وکٹ بالکل آسان نہیں تھی، بہترین بیٹنگ پر دونوں اوپنرز کو اس کا کریڈیٹ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ عبداللّٰہ شفیق پاکستان کے لیے لمبا عرصہ کھیلے۔فواد عالم کا کہنا تھا کہ عبداللّٰہ ٹیلنٹڈ ہے اس لیے پاکستان سے کھیل رہا ہے، ہر پلیئر ایسا ہی ڈیبیو کرنا چاہتا ہے۔