دورہ پاکستان

دورہ پاکستان، ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی

کراچی (گلف آن لائن)ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 15 روزہ دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئی ہے. ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اور انتظامی عہدیدار دبئی کے راستے پرواز ای کے 600 سے کراچی آئے ہیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور منتظمین کے کورونا 19 کے پی سی آر ٹیسٹ کیلئے سیمپل لیے گئے ہیں، جس کے بعد انہیں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت ہوٹل منتقل کردیا گیا۔حکام کے مطابق تمام کھلاڑی کورونا وائرس کے رزلٹ منفی آنے تک ہوٹل میں قرنطینہ میں رہیں گے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھی ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کیلئے سیمپل لئے جائیں گے اور ان کا رزلٹ آنے تک کھلاڑیوں کو ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 13 دسمبر کی شام 6 بجے کھیلا جائے گا اور 14 دسمبر کو ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا جبکہ 16 دسمبر کو تیسرا اورآخری میچ ہوگا۔18 دسمبر کو ایک بجے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا جبکہ اگلا میچ 20 اور آخری 22 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، دونوں ٹیموں کے اسٹیڈیم آنے جانے کیلئے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں