دوحہ(گلف آن لائن)قطر اور ترکی نے اپنے مرکزی بنکوں کے درمیان کرنسی کے تبادلے کے معاہدے میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے نے بتایاکہ ایک مشترکہ بیان کے مطابق دونوں ممالک نے اپنے مرکزی بنکوں کے درمیان ترک لیرا اور قطری ریال کے کرنسی تبادلے کے انتظام میں توسیع اور ترمیم سے متعلق معاہدے پر دست خط کا خیرمقدم کیا ۔یہ اعلان ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے دور دوحہ کے موقع پرکیا گیا.
جہاں انھوں نے قطری امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔کرنسی تبادلے کا یہ معاہدہ 2018 میں طے پایاتھا اور اس میں مئی 2020 میں پہلی مرتبہ توسیع کی گئی تھی۔اس کی مجموعی حد ترک لیرا اور قطری ریال کے مساوی 5 ارب ڈالرسے بڑھا کر 15 ارب ڈالر کردی گئی تھی۔