لاہور(گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوںمیںفیول ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر پونے 5روپے فی یونٹ اضافہ نا قابل قبول ہے ، اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر عوام کی جیبوں سے اربوںروپے نکالنے کانوٹس لیاجائے اور اس فارمولے کے تحت قیمتیںبڑھانے کے میکنزم بارے استفسار کیاجائے ۔اپنے بیان میںانہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام پر ہر روز مہنگائی کا بم گرانااپنا وطیرہ بنا لیا ہے جس کی وجہ سے عوام ذہنی مریض بنتے جارہے ہیں۔
موجودہ حکومت جب سے اقتدارمیں آئی ہے اس نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کی جیبوں سے اربوں،کھربوںنکلوا لئے ہیں لیکن اس کے باوجود معیشت زبوں حالی کا شکارہے،غیرملکی قرضے اورسرکلرڈیٹ کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جب حکومت عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر چلے گی تو ہماری معیشت کا یہی حال ہوگاجس سے ہم دوچارہیں ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کے فارمولے سے آگاہ کرنے کیلئے حکومتی اورسرکاری حکام کوطلب کیا جائے تاکہ قوم کواصل حقائق معلوم ہو سکیں۔