نئی دہلی(گلف آن لائن)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاونٹ ایک مرتبہ پھر مختصر وقت کے لیے ہیک کرلیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے وزارت عظمی کی جانب سے جاری ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاونٹ بہت مختصر وقت کے لیے ہیک کرلیا گیا تھا۔ٹوئٹ میں کہا گیا کہ مذکورہ معاملہ ٹوئٹر انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا اور نریندر مودی کا اکائونٹ فوری طور پر محفوظ کرلیا گیا۔علاوہ ازیں ٹوئٹ میں صارفین سے درخواست کی گئی کہ وہ اس دوران ہونے والی ٹوئٹس کو نظر انداز کردیں۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ذاتی ٹوئٹر اکاونٹ پر 7 کروڑ 30 لاکھ فولوورز ہیں اور ہیک کیے جانے کا دورانیہ نہیں بتایا گیا۔
اس حوالے سے ٹوئٹر انتظامیہ نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم کے ذاتی ٹوئٹر اکاونٹ سے متعلق معلومات ملتے ہی ضروری اقدامات کیے گئے۔ٹوئٹر انتظامیہ نے مزید بتایا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ فی الحال کسی دوسرے متاثرہ اکانٹس کی کوئی علامت نہیں ہے۔اسی طرح کا ایک واقعہ ستمبر 2020 میں نریندر مودی کی ویب سائٹ کے ٹوئٹر اکاونٹ کے ساتھ پیش آیا تھا۔جس میں ٹویٹس کی ایک سیریز کے ساتھ فولوورز سے کرپٹو کرنسی کے ذریعے امدادی فنڈ میں عطیہ کرنے کو کہا گیا تھا۔