جرمنی

جرمنی کو سالانہ چار لاکھ تارکین وطن کی ضرورت ہے، فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی

برلن(گلف آن لائن)جرمن حکومتی اتحاد کی سب سے جونیئر پارٹی فری ڈیموکریٹ ملک میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ملک میں امیگریشن میں اضافے کی بھر پور حمایت کرے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق فری ڈیموکریٹس کے پارلیمانی پارٹی لیڈرکرسچن ڈوئیر نے بتایا کہ جرمنی میں ملازمین کی مانگ، اقتصادی ترقی اور فلاحی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تارکین وطن کی تعداد کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی بجٹ میں ایک سو ارب ڈالر پینشن کے لیے مختص کیا جارہا ہے۔جو ظاہر کرتا ہے کہ اس ملک کی آبادی میں کم عمر اور بزرگ افراد کی تعداد میں کتنا زیادہ فرق ہے۔ان کا کہنا تھاکہ جرمنی کی فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کے سربراہ کے مطابق جرمنی کو ہر سال چار لاکھ تارکین وطن کی ضرورت ہے۔

ڈوئیر نے کہاکہ اقتصادی پالیسی کو لے کر جاپان سمیت جرمنی بہت پرانے خیالات کو اپنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں ہر شعبے میں ملازمین کی ضرورت ہے اور ملک کی خوشحالی کا انحصار اس بات پر ہے کہ کمی پوری کی جا سکے گی یا نہیں۔ڈوئیر کے مطابق سوشل سکیورٹی سسٹم میں ہی نہیں بلکہ جرمن لیبر مارکیٹ میں تارکین وطن افراد کے داخلے کو یقینی بنانا ہو گا اور اگر ایسا ممکن ہوا تبھی جرمنی میں ایسی اقتصادی ترقی دیکھی جا سکتی ہے جس کے ذریعے تعلیم، کلائمیٹ اور فلاحی سسٹمز میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ڈوئیر کے مطابق جرمنی کو کینیڈا، نیوزی لینڈ، اور آسٹریلیا جیسے ممالک کی طرح اپنے آپ کو تارکین وطن کی پالیسی کے حوالے سے جدید کرنا ہوگا۔

ڈویئر نے کہاکہ ہر کوئی جرمنی آنا چاہتا ہے اور جو یہاں آ چکے ہیں انہیں یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ کہ کیا وہ جرمن معاشرے میں رہنا چاہتے ہیں؟ اور کیا وہ لیبر مارکیٹ میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں؟ ملک میں کامیاب انضمام کے لیے ان دو شرائط پر پورا اترنا ضرروی ہے۔ڈوئیر نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں لگتا ہے کہ مستقبل میں جرمنی آنے والے تارکین وطن کا تعلق ایشیا سے ہوگا لیکن ابھی اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں