ریاض (گلف آن لائن)حرمین شریفین کے امور کے اعلی نگراں شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے مسجد حرام میں سعودی ہلال احمر کے منصوبوں کے افتتاح میں شرکت کی ہے ۔ ان میں حرکت قلب کو دوبارہ جاری کرنے کے لیے استعمال ہونے والا آلہ بھی شامل ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شیخ السدیس نے مسجد حرام میں آنے والوں کے واسطے طبی خدمات سے متعلق مختلف نوعیت کے منصوبوں کو سراہا۔
انہوں نے مملکت کی دانش مند قیادت کی امنگوں کی تکمیل کے سلسلے میں جدید ترین ٹکنالوجی وسائل کے استعمال کو خوش آئند قرار دیا۔مذکورہ آلے کو استعمال کرنے کے لیے مسجد حرام میں متعلقہ اہل کاروں کے علاوہ معاشرے کے افراد کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ آلہ صوتی ہدایات یا اسکرین پر ظاہر ہونے والی ڈیجیٹل ہدایات کے ذریعے بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔