نئی دہلی (گلف آن لائن)بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ائیرپورٹ پر میڈیا کو تصاویر لینے سے روک دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اپنی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما اور بیٹی وامیکا کے ہمراہ دورہ جنوبی افریقا کے لیے روانہ ہوئے۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انوشکا شرما اور ویرات کوہلی اپنی ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ ایئرپورٹ پر بس سے اترے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویرات کوہلی پہلے بس سے اترے اور وہاں انتظار میں کھڑے پاپرازی سے کہا کہ اْن کی بیٹی کی تصاویر کلک نہ کی جائیں۔
اس کے بعد انوشکا بس سے اتریں، اداکارہ نے سیاہ ٹریک سوٹ اور سفید جوتے پہن رکھے تھے، بعد میں، وہ وامیکا اور اْن کے نینی کے ساتھ نظر آئیں۔واضح رہے کہ بھارت 26 دسمبر سے جنوبی افریقا کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔یاد رہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی سیریز میں روہت شرما کو ٹیسٹ سے باہر رکھا گیا ۔