اسلام آباد (گلف آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بڑھتی ہوئی درآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درآمدات آسمان کو چھو رہی ہیں، جولائی سے نومبر تک ملکی درآمدات 29.9 بلین ڈالر رہیں۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ معیشت وینٹی لیٹر پر ہے تاہم پی ٹی آئی حکومت سوئی ہوئی ہے، درآمدات آسمان کو چھو رہی ہیں، جولائی سے نومبر تک ملکی درآمدات 29.9 بلین ڈالر رہیں۔
انہوںنے کہاکہ نومبر میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1.91 بلین ڈالر بڑھا ہے، رواں مالی سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 7 ارب 8 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی معاشی اشارے میں بہتری نہیں، 3 سال میں ملک اور معیشت کا جتنا برا حال ہوا، 74 سال میں نہیں ہوا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان کو گندم، چینی اور دیگر چیزیں بھی درآمد کرنی پڑ رہی، تبدیلی اور نیا پاکستان کے نام ملک و معیشت کا دیوالیہ قبول نہیں ہے