اسلام آباد(گلف آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت2023تک ساڑھے تین ارب درخت لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا، 2021میںاب تک ایک ارب سے زائد درخت لگائے گئے ہیں،بلین ٹری منصوبوں پر خرچ کیے گئے اربوں کے فوائد ملک کو قدرتی ماحول کے تحفظ اور گرین پاکستان کی صورت ملیں گے،ٹین بلین ٹری پراجیکٹ دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گیا ہے۔
انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر(آئی یو سی این)کے زیر اہتمام ٹین بلین ٹری پراجیکٹ سائٹس کے ایکسپوژرر وزٹ کرنے والے وفد اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے شنکیاری اور بالاکوٹ کے مقام پرپچاس کلومیٹرکے قریب سوسالہ قدیم منرو ٹریک کو بحال کیا جارہا ہے،پہاڑی علاقے سے برف ہٹتے ہی وزیراعظم عمران خان اس پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کرینگے،اس ٹریک سے مہم جوئی کرنے والوں کو خصوصی طور پر فائدہ ہو گا،اس مقام پر دو ریسٹ ہائوسز اور تین گلمپنگ سائٹس موجود ہیں جو تین دنوں کا ہائیکنگ ٹریک ہے،اس ٹریک پر کیمپنگ کی سہولت بھی ہو گی،یہ ٹریک برطانوی فاریسٹر منرو کے دور میں تھا جو اب کتابوں میں کھو گئی ہے۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے فروٹ ٹریز کی پلانٹیشن کا پراجیکٹ بھی جلد شروع کیا جائے گا،اس حوالے سے وزارت کی تیاریاں جاری ہیں،فروٹ پلانٹیشن کے ذریعے ملک میں ہزاروں گرین جابز کے مواقع پیدا ہونگے ۔وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں بلین ٹری پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد ملازمین کے گریڈ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا،کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر گریڈ میں اضافے کا معاملہ تاخیر کا شکار ہیں،ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔اس موقع پر ریڈ پلس پراجیکٹ نارتھ کے کوآرڈینیٹر اظفر حسن انصاری نے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی کوپراجیکٹ سائٹس کے دورے کے موقع پر کیے گئے مشاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
٭٭٭٭٭