لاہور( گلف آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نا مساعد حالات کے باوجود تاجر تنظیمیں حکومت سے ہر ممکن تعاون کر رہی ہیں ،حکومتی پالیسیاں معیشت کا پہیہ چلانے کی بجائے اس میں رکاوٹ کا باعث ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے تاجر طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا اور ان پر بے پناہ مالی بوجھ پڑ گیا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کا بھرپور ساتھ دیا جارہا ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پوری کرنے کے لئے بجلی کے بلوں میں ہر ماہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر اربوں روپے وصول کر رہی ہے ۔
منی بجٹ سے ٹیکسز چھوٹ واپس لینے سے بہت سے شعبے مشکلات کا شکار ہو جائیں گے خاص طو رپر اس کا سار ابوجھ عام آدمی پر پڑے گا جس کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء معیشت کی ترقی کے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں کیونکہ ز مینی حقائق ان دعوئوں کے بالکل برعکس ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ بجلی کے بلوںاور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم 40فیصد تک کمی کر کے انہیں دو سال کے لئے منجمد کیا جائے جبکہ ٹیکسز کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے تاکہ معیشت کا پہیہ چل سکے۔